عدالتی فیصلے کے بعد بھی نواز شریف کا علاج جاری،پروفیسر شمسی نےتفصیلی طبی معائنہ کیا

عدالتی فیصلے کے بعد بھی نواز شریف کا علاج جاری،پروفیسر شمسی نےتفصیلی طبی ...
عدالتی فیصلے کے بعد بھی نواز شریف کا علاج جاری،پروفیسر شمسی نےتفصیلی طبی معائنہ کیا

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کا ان کی رہائشگاہ پر قائم انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں علاج جاری ہے،نیشنل بلڈ اینڈ بون میرو ڈیزیزز کراچی کے سربراہ پروفیسر طاہر شمسی نے دوسرے روز بھی جاتی امراء جا کر سابق وزیر اعظم کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور مختلف ٹیسٹوں کا جائزہ لیا،لاہور ہائی کورٹ سےبیرون ملک جانے کی اجازت ملنے کے بعد  ڈاکٹروں نے نواز شریف کو طویل ہوائی سفر کے لئے طبی طور پر تیار کرنے کے لئے مشاورت اور کوششیں شروع کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق عدالت سے بیرون ملک  علاج   معالجے کی اجازت ملنے کے بعد  بھی ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اورشریف میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا،ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریم نوازسے بھی مشاورت جاری رکھی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی پلیٹ لیٹس کی کم تعداد اور دیگر پیچیدگیاں بر قرار ہیں۔نیشنل بلڈاینڈبون میروڈیزیزز کراچی کے سربراہ پروفیسر طاہر شمسی نےبھی جاتی امراء میں سابق وزیراعظم کاتفصیلی طبی معائنہ کیااورعلاج معا لجے پر مامور ڈاکٹروں سے مشاورت کی اور انہیں رہنمائی دی۔ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد ڈاکٹروں نے نواز شریف کو فضائی سفر کیلئے طبی طور پر تیار کرنے کیلئے بھی مشاورت شروع کرکےکوششیں شروع کر دی ہیں۔ڈاکٹرز اس اَمر کو یقینی بنانےکی تگ ودو کرینگےکہ دوران سفرکسی ممکنہ ایسی طبی پیچیدگی سے بچاجاسکے جو نواز شریف کی زندگی کے لئے مہلک ثابت ہوسکتی ہو۔ ڈاکٹرز کی اولین کوشش نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو اس محفوظ سطح پر لانا ہے جس سے وہ بحفاظت سفر کر سکیں ۔عدالتی فیصلے کے بعد شہباز شریف نے بھی اپنے بڑے بھائی نواز شریف اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کر کے انہیں مبارکباد دی اور نواز شریف کے بیرون ملک سفر کے حوالے سے حتمی مشاورت کی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور