"امی کو نہیں بتایا کہ ہماری بہن سنبل کا انتقال ہوگیا ہے" بشریٰ انصاری کا ایسا انکشاف کہ آپ کی بھی آنکھیں نم ہوجائیں
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ابھی تک اپنی والدہ کو اپنی بہن سنبل شاہد کے انتقال کے بارے میں نہیں بتایا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ ان کی والدہ کافی عرصے سے بیمار ہیں اس لیے انہوں نے اپنی بہن سنبل شاہد کے انتقال کے حوالے سے انہیں نہیں بتایا کیونکہ وہ یہ صدمہ برداشت نہیں کرپائیں گی اور انہیں بہت تکلیف ہوگی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی والدہ کو یہ بتا رکھا ہے کہ سنبل امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں ہے اور کورونا کی وجہ سے فلائٹس بند ہیں اور وہ پاکستان نہیں آسکتی۔ "بعض اوقات امی اپنے اسسٹنٹ سے کہتی ہیں کہ میری سنبل سے بات کرواؤ، وہ پھر مجھے واٹس ایپ پر فون کرتا ہے، میری آواز سنبل سے بہت ملتی ہے اس لیے میں ہی سنبل بن کر امی سے بات کرتی ہوں اور انہیں کہتی ہوں کہ فلائٹس بند ہونے کی وجہ سے نہیں آ پا رہی ۔"
خیال رہے کہ اداکارہ سنبل شاہد 6 مئی کو کورونا کی وجہ سے لاہور کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ ایک ماہ سے سی ایم ایچ لاہور میں زیر علاج تھیں تاہم صحتیاب نہیں ہوسکیں۔
— Sarfraz Raja (@Sarfraz_Raja90) November 16, 2021