مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ , پنجاب نے نئی تاریخ رقم کر دی

Nov 16, 2024 | 12:18 AM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب نے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں 'کلاوڈ سیڈنگ' کے نتیجے میں جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوئی، جس کی محکمہ موسمیات نے تصدیق کر دی ہے۔

ماہرین کے مطابق دوپہر دو بجے 'کلاوڈ سیڈنگ' کی گئی، جس کے چند گھنٹوں بعد بارش کا آغاز ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش کے اثرات لاہور تک پہنچنے کا بھی قوی امکان ہے، جس سے شہر میں سموگ کی شدت میں کمی آئے گی۔

یہ کامیاب منصوبہ افواج پاکستان کے سائنسی تحقیق و ترقی کے ماہرین (ایس پی ڈی)، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے)، اور پنجاب حکومت کے مشترکہ تعاون سے ممکن ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر تمام متعلقہ اداروں اور سائنس دانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:"آج آپ کی محنت، لگن، اور قابلیت سے صوبہ پنجاب نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔"سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی عوام اور ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:
"الحمدللہ، آج بارش کی صورت میں خوش خبری ملی ہے۔ یہ منصوبہ سوفیصد مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے مکمل ہوا، جو کہ ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔"گزشتہ برس متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا گیا تھا، لیکن اس بار یہ کامیابی مکمل طور پر مقامی وسائل اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر حاصل کی گئی ہے۔ ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں ماحولیاتی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگی۔

مزیدخبریں