سسرالیوں کے ہاتھوں بہو  کا قتل ، چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی  حنا پرویز بٹ نے  اہم اعلان کر دیا 

Nov 16, 2024 | 03:41 PM

سیالکوٹ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سسرالیوں کے ہاتھوں بہو  کے قتل کے کیس میں ، چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی  حنا پرویز بٹ نے  اہم اعلان کر دیا  ۔

سیالکوٹ کے علاقے موترہ میں سسرالیوں کے ہاتھوں بہو کے لرزہ خیز قتل میں ملوث تینوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ چند دن قبل پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک زارا نامی خاتون اپنے سسرال سے لاپتہ ہو گئی ہے۔ ڈی ایس پی ڈسکہ اور ایس ایچ او موترہ کی قیادت میں پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور خاتون کی لاش کے ٹکڑے برآمد کر لیے، جو ملزمان نے ایک نالے میں پھینک دیئے تھے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان، جن میں ساس، نند اور نند کا بیٹا شامل ہیں، نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

اس افسوسناک واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی اور چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کو نہ صرف قانون کی سخت گرفت میں لانے کی ضرورت ہے بلکہ ہمیں معاشرتی رویوں کو بھی تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ کے اس افسوسناک واقعے نے ہمارے معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور تشدد کے رجحان کو بے نقاب کر دیا ہے۔ زارا کے ساتھ ہونے والا ظلم صرف ایک جرم نہیں بلکہ ہماری سماجی بے حسی اور جذباتی ادم برداشت کو ظاہر کرتا ہے، جہاں معمولی تنازعات بھی جان لینے جیسے سنگین اقدامات تک جا پہنچتے ہیں۔ خاص طور پر یہ امر افسوسناک ہے کہ یہ واقعہ مردانہ تشدد کے بجائے خواتین کے ہاتھوں ہوا، جو کہ معاشرتی بگاڑ اور روایتی خاندانی نظام میں محبت، صبر اور افہام و تفہیم کی کمی کو ثابت کرتا ہے۔ یہ المیہ ہمیں مجبور کرتا ہے کہ ہم اپنے رویوں کا جائزہ لیں اور اپنی اگلی نسل کو عدم برداشت کی جگہ برداشت اور انسانیت کا درس دیں۔

حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی کیونکہ قانون کی بالادستی سے ہی جرائم میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں