کاروباری برادری کو وزیر اعظم کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے
اسلام آباد(کامر س ڈیسک)اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور وہ ملک کی زوال پزیر معیشت کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔ وزیر اعظم سخت اقدامات کریں ملک بھر کی عوام اور کاروباری برادری انکا بھرپور ساتھ دے گی۔ غیر ضروری درامدات پر مزید ڈیوٹی عائد کی جائے جبکہ برامدات کو بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ عاطف اکرام شیخ جو ہری پور چیمبر کے گروپ لیڈر بھی ہیں نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ معاشی صورتحال مخدوش ہو رہی ہے تاہم روپے کی قدر کم نہ کرنے کے فیصلے کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری کارپوریشنیں احتساب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے سبب سالانہ پانچ سو ارب سے زیادہ کا نقصان پہنچا رہی ہیں اور موجودہ حالات میں ملکی خزانہ انکا مزید بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں۔ماضی کی حکومتوں نے سرکاری کارپوریشنوں میں مداخلت کر کے اور انھیں بھرتیوں کے مراکز بنا کرانھیں اس حال پر پہنچا دیا ہے کہ نجکاری کے سوا کوئی حل نظر نہیں آتا ۔عاطف اکرام شیخ نے بجلی اور تیل کی کی قیمتوں میں موجودہ اضافہ کو مشکل فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو مزید اصلاحات کی ضرورت ہے جس میں توانائی کے شعبہ کی بحالی کے علاوہ ٹیکوں کے نظام میں بہتری، زرعی آمدنی پر ٹیکس لگانے، سبسڈیوں، ٹیکس کی غیر ضروری چھوٹ اور ریفنڈ روکنے کے کلچر کا خاتمہ ضروری ہے۔
انھوں نے ماید ظاہر کی کہ حکومت گڈ گورننس، ایماندارنہ اقدامات، اقتصادی اصلاحات اورکڑے احتساب کے زریعے عوام کا اعتماد جیت لے کی جسکے بعد ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلانا ممکن ہو جائے گا۔
