مہنگی بجلی و گیس اور ٹیکسوں میں اضافہ سے انڈسٹری بند ہورہی ہے
فیصل آباد(آن لائن)فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ا یگزیکٹو ممبر و چیئرمین موٹر مارکیٹ حاجی محمد اصغر نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی و گیس اور ٹیکسوں میں اضافہ سے پاکستان کی انڈسٹری بند ہورہی ہے ،ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سستی بجلی اورگیس کی ضرورت ہے ، بنکوں سے رقم نکلوانے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس قطعی غیر منصفانہ ہے اسے فی الفور ختم کیا جائے اور معاشی ترقی کیلئے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کے کوئی سیاسی عزائم نہیں لیکن پاکستان کی سیا ست میں اس وقت جو کھیل کھیلا جا رہاہے وہ اس سے انتہائی پریشان کن ہے، ملک کے تمام اداروں کو مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ ملکی برآمدات زوال پذیر اور تجارتی خسا رہ پہلے ہی آسمان کو چھو رہاہے ان حالات میں وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کوان معاملات کا فوری نوٹس لیکر انہیں حل کرنا ہوگابصورت دیگر ملکی معاشی مشکلات مزید بڑھیں گی ،انہوں نے کہا کہ سستی بجلی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ہی پاکستان کی قوم کیلئے ضروری ہے،مہنگے پاور پلانٹوں سے حامل انرجی ظاہر ہے مہنگی ملے گی بعض افراد بات بات پر دوسرے ممالک کی ترقی کی مثال دیتے ہیں خو دکوئی مثال قائم کرنے کی روایت نہیں ڈالتے آج کل اورمستقبل کی آواز کالاباغ کی تعمیر ہے اگر ایسا ہوجائے تو نہ صرف ملک کی معیشت مضبوط ہوئی بلکہ غیر ملکی قرضوں کی زنجیریں ٹوٹنا شروع ہوجائیں گی ۔
،انہوں نے پنجاب کے ضلع اٹک کے علاقے جھنڈیا ل میں تیل اور گیس کے نئے اور سب سے بڑے ذخیرے کی دریافت کو اللہ تعالی کی پاکستانی عوام کے لئے ایک نعمت قرار دیتے ہوئے قوم کو مبارکباد اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پنجاب میں تیل اور گیس کی تلاش کے کام کو تیز کرنے کیلئے فوری ہدایات جار ی کریں تاکہ نہ صرف پنجاب کی صنعتوں کو اپنی ضروریات کیلئے مقامی تیل اور گیس سستے نرخوں پر مل سکے بلکہ ان کی درآمد پر ہونے والے بھاری اخراجات سے بھی بچا جا سکے۔ مزید برآں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے مطالبے پر جھنڈیا ل میں ٹیکنیکل کالج کے قیام کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے ذریعے نہ صرف مقامی لوگوں کے بچوں کو تعلیم اور ٹیکنیکل تعلیم کی سہولتیں میسر ہونگی بلکہ وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اس اہم اور قومی منصوبے میں روزگار بھی حاصل کر سکیں گے۔
