عورت کا اصل گھر اسکے شوہر کا گھر ہی ہوتا ہے : زارا شیخ
لاہور ( این این آئی)نامور اداکارہ و ماڈل زارا شیخ نے کہا ہے کہ جوڑے تو آسمانوں پر بنتے ہیں اور مجھے شادی کی کوئی جلدی نہیں مگر عورت کا اصل گھر اس کے شوہر کا گھر ہی ہوتا ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میرے والدین مجھے سرکاری آفیسر بنانا چاہتے تھے مگر قسمت مجھے شوبز میں لے آئی ۔ اداکاری کے ساتھ مجھے گلوکاری کا بھی جنون کی حد تک شوق ہے ، کالج کے دنوں میں اپنی دوستوں کو گانے سناتی تھی جنہوں نے میری بہت حوصلہ افزائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے دوست اور خاص طور پر میڈیا مجھے سپورٹ نہ کرتا تو آج میں کامیاب اداکارہ نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کو میری شادی کی بڑی فکر رہتی ہے ان سے درخواست کرتی ہوں کہ ابھی انتظار کریں یہ میرا ذاتی معاملہ ہے جو میں خود کروں گی ،مجھے تنہائی بہت پسند ہے مگر جس دن میرا دماغ گھوم گیا تو شادی کرلوں گی ۔
