انتخابی ماحول بن چکا، پارٹی بھی اتنی تیاری کرے ، باہر نکلنے کا وقت آگیا : آصف زرداری
لاہور( این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف زرداری نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ ملک کو مشکل میں چھوڑ کرجاتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی پالیسی ہے آنیوالی حکومت کو بدترین معاشی صورتحال دے کر جائے۔ انتخابی ماحول بن چکا ہے ،پارٹی بھی اپنی تیاری کرے کیونکہ باہر نکلنے کا وقت آگیا ، چاروں صوبو ں میں جارہے ہیں ۔ موجودہ حکومت کی نااہلیوں کی طویل فہرست ہے اور عوام بھی اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔وہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات ، سابق ڈپٹی اسپیکر حاجی نواز کھوکھر ،سینیٹر سلیم مانڈی والا جنہوں نے بلاول ہاؤس لاہو رمیں ملاقاتیں کیں سے گفتگو کر رہے تھے ۔بتایا گیا ہے آ صف زرداری کی ہدایت پر مراد علی شاہ صوبائی وزیر قانون ضیاء لنجار کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچے جنہیں سخت سکیورٹی میں بلاول ہاؤس لاہور لایا گیا ، جہاں انہوں نے آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں صوبے کے اہم معاملات سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے 18اکتوبر کو حیدر آباد میں منعقد ہ جلسے ،صوبے اور خاص طور پر کراچی میں جاری ترقیاتی منصو بوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔بعد ازاں سینیٹر سلیم مانڈی نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کر کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ سابق صدر آصف زرداری سے فیصل صالح حیات اور حاجی نواز کھوکھر نے بھی اہم ملاقات کی جس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں او رآ ئند ہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ رہنماؤں نے ملاقات کے دوران قیادت کو تجاویز بھی دیں ۔ بتایاگیا ہے ملاقات میں آ ئند ہ عام انتخابات سے قبل پنجاب میں بااثر سیاسی خاندانوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ۔
آ صف زرداری
