بھارت اپنے قبضے کو دوام بخشنے کیلئے پر سازشیں کررہاہے،مولانا عبدالعزیز

بھارت اپنے قبضے کو دوام بخشنے کیلئے پر سازشیں کررہاہے،مولانا عبدالعزیز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد( بیورورپورٹ)امیرجماعۃ الدعوہ آزادکشمیرمولاناعبدالعزیزعلوی نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی دہشتگردانہ کارروائیاں تیز کردی ہیں روزانہ کی بنیاد پر نواجوان کو شہید کیا جارہاہے ۔املاک تباہ کی جارہی ہیں ۔تحریک آزادی سے باز رکھنے کے لیے نئے نئے حربے استعما ل کیے جارہے ہیں ۔بھارت اپنے قبضے کو دوام بخشنے کے لیے عالمی سطح پر سازشیں کررہاہے ۔ان کی وزیر خارجہ پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر آزادکشمیر کواپنا اٹوٹ انگ قرار دے کر اس پر قبضے کی بات کررہی ہے جبکہ ہمارے حکمران سیرسپاٹوں اور ذاتی مفادات کی سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں ۔کچھ طبقے بیرونی اشیر باد پر وطن عزیز پاکستان کے خلاف سازشوں میں لگے ہوئے ہیں پاکستان کی سرحدات کی محافظ پاک فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے نااہل لوگوں کو قائد منتخب کیا جارہاہے یہ سارے عمل تباہی کی طرف اشارہ کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیاکا کوئی ملک مسئلہ کشمیر حل کرنے کو تیار نہیں ہے ۔جبکہ کچھ عناصر تحریک آزادی کے خلاف اپنا کرداراداکرنے کی بجائے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر اس کو سبوتاژ کرنے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف جو لوگ سات دہائیوں سے قربانیوں کی عظیم مثال قائم کرتے ہوئے اپنے لخت جگروں کی لاشیں اٹھا رہے ہیں وہ آج بھی اسلام زندہ باد ،پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں سبزہلالی پرچم لہرا کر غاصب افواج کو اپنا فیصلہ سنا رہے ہیں ۔آج مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے لیے جانیں دیں اور آزادخطہ کے حکمران ،سیاست دان مفادات کی سیاست کریں جبکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خاموشی ۔کیوں ؟ ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے وسائل کے رونا تو رویا جارہاہے اس کے لیے میڈیا پر دل وجان سے مہم بھی چلائی جارہی ہے لیکن ریاست کے اصل جسم کی آزادی کے لیے کوئی آواز بلند ہی نہیں ہورہی ۔جس کا صاف مطلب ہے کہ ہمیں مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ۔ہمیں صر ف اپنے مفاد ات عزیز ہیں ۔پاکستان کے سیاسی منظر نامہ تاریخ کے بدترین دورسے تعبیر ہے ۔ ایک طرف عدلیہ اور دوسری طرف کرپٹ سیاستدان اپنی کرپشن کو بچانے کے لیے باہم دست وگریبان ہورہے ہیں ۔ہندوستان اس چیز فائدہ اٹھا کر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی بجائے مزید الجھارہاہے ۔اب وہ آزادکشمیر پر اپناحق جتارہاہے ۔امریکہ اس کی ہاں میں ہاں ملا کر خطے کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے ۔آزادخطہ کے عوام ،سیاستدان ،حکمران خواب غفلت سے جاگیں ریاست کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں ۔ورنہ تاریخی حادثات ہونے سے کوئی نہیں بچاسکے گا ۔