فارن فنڈنگ کیس،تحریک انصاف نے تفصیلات جمع کرا دیں، الیکشن کمیشن کا جانچ پڑتال کا فیصلہ،سماعت 21 نومبر تک ملتوی
اسلا م آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت،تحریک انصاف کے وکیل نے پارٹی اکاﺅنٹس کی تفصیلات جمع کرا دیں،الیکشن کمیشن نے پارٹی اکاﺅنٹس کی جانچ پڑتال کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی ،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے سماعت کی،تحریک انصاف کی جانب سے وکیل ثقلین حیدر اوردرخواست گزاراکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل نے فارن فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کراتے ہوئے کہا کہ اسلام آبادہائیکورٹ 5دسمبرکوپارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کرے گی ، الیکشن کمیشن اکاو¿نٹس کاجائزہ لے مگردرخواست گزارکوتفصیلات نہ دے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہائیکورٹ میں فنڈنگ کا معاملہ زیر التوا ہے،عدالتی حکم ہے فیصلے تک اکاو¿نٹس کی تفصیلات کسی کونہ دی جائیں،ہم عدالتی حکم تک اکاو¿نٹس کی تفصیلات درخواست گزارکوفراہم نہیں کریں گے،جو تفصیلات جمع کرائی ہیں ہم ان کی تفصیلات کا جائزہ لیں گے ۔
وکیل اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ ہم ہائیکورٹ کے فیصلے کے پابند ہیں،پی ٹی آئی نے جو تفصیلات سپریم کورٹ میں دیں یہاں بھی جمع کرائے، سپریم کورٹ میں جمع فنڈنگ تفصیلات ہمارے پاس موجود ہیں،وکیل اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دستاویزات نامکمل ہیں ،پی ٹی آئی گلف سے رقم جمع کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن تفصیلات پیش نہیں کرتی ۔
دوران سماعت سردار رضا حیات نے پی ٹی آئی پارٹی اکاﺅنٹس کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی دستاویزات ہی ہماری دستاویزات ہیں ،ہائیکورٹ کے فیصلے تک دستاویزات کا جائزہ لیں گے اوراکبرایس بابر کے سوالات پر جواب جمع کرایا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے سماعت21 نومبر تک ملتوی کر دی۔
