عوامی شکایات کے ازالے کیلئے سروس ڈلیوری نظام بہتربنائینگے،آئی جی پنجاب
لاہور (کر ائمرپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ عوامی شکایات اور مسائل کے فوری خاتمے کیلئے سروس ڈلیوری کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی اورصوبے کے تمام اضلاع میں بنائے گئے پولیس خدمت مراکز کو جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے انٹرلنک کردیا جائے گا تاکہ ایک ضلع کا رہائشی دوسرے ضلع میں مقیم ہونے کے باوجود کریکٹر سرٹیفکیٹ ، کرایہ داری اندراج اور ایف آئی آر کاپی کے حصول سمیت تیرہ سے زائد دیگر سہولیات باآسانی حاصل کرسکے ۔ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈسپلن کے معاملات کی نگرانی مزید موثر بنانے کیلئے سنٹرل پولیس آفس کی ڈسپلن اینڈ انسپکشن برانچ کو انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی یونٹ میں تبدیل کیا جائے گا ۔ صوبے کے تمام اضلاع میں ریسورس مینجمنٹ سنٹرز قائم کئے جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی پنجاب کا چارج سنبھالنے کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ بابر بخت قریشی ، پی ایس او ٹو آئی جی افضال احمد کوثر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ سنٹرل پولیس آفس آمد پر آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعد کمیٹی روم میں چینج آف کمانڈ کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق آئی جی پنجاب محمد طاہر نے پنجاب پولیس کی کمان باضابطہ طورپر آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے سپرد کی ۔