سانحہ قصور، مجرم عمران علی کو سرعام پھانسی کی درخواست پر آج جواب طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار شمیم احمد خان اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی کو سرعام پھانسی دینے کے لئے دائر درخواست پرپنجاب حکومت سے آج 16اکتوبرکو جواب طلب کرلیا ہے۔درخواست گزار زینب کے والد حاجی محمد امین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مجرم سیریل کلر ہے اور اسے 17اکتوبرکوکوٹ لکھپت جیل میں پھانسی دی جانی ہے،فاضل بنچ نے قراردیا کہ بنیادی رٹ درخواست آج ہمارے زیر نظر نہیں ہے ،اس کیس کی کل سماعت کریں گے ، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ تب تک دیر ہوجائے گی ،جس پر عدالت نے پنجاب حکومت کو آج 16اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں، درخواست گزار کا موقف ہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 ء کے سیکشن 22 کے تحت مجرم کو سر عام پھانسی دی جا سکتی ہے،قانون میں سرعام پھانسی کی گنجائش موجود ہے ، مجرم عمران علی کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہو چکے ہیں،اسے سرعام پھانسی پر لٹکانے کا حکم جاری کیا جائے۔