ملک بھر میں انسداد خسرہ مہم شروع
اسلام آباد(آئی این پی ) ملک بھر میں انسداد خسرہ مہم شروع ہو گئی ، مہم کے دوران نو ماہ سے پانچ سال تک کے بچوں کو خسرہ کے مرض سے بچا ؤ کے لیے ویکسین دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انسداد خسرہ مہم شروع ہو گئی ہے ، انسداد خسرہ مہم ستائیس اکتوبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور یوایس ایڈ کی جانب سے انسداد خسرہ کے انجیکشن لگائے جائیں گے۔خسرہ ایک متعدی مرض ہے جس کی علامات میں تیز بخار، کھانسی اور جسم پر سرخ دانے شامل ہیں، جو عام طور پر چہرے سے شروع ہوتے ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت کی رپورٹ میں پاکستان میں خسرہ کے مرض میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، جس پر اس مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔اس مہم کے انتظامات اور ضلع، تحصیل و یونین کونسل کی سطح تک ٹیکے لگانے کے مائکرو پلان کا جائزہ لینے کے لیے 8 اکتوبر کو لاہور میں تمام ڈسٹرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا۔