انتخابی دھاندلی کی تحقیقات ، 30رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم

انتخابی دھاندلی کی تحقیقات ، 30رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عام انتخابات 2018میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے 30رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ۔ پارلیمانی کمیٹی میں 10ارکان سینیٹ اور20قومی اسمبلی سے لیے گئے ہیں جس میں حکومت اور اپوزیشن کو برابر کی نمائندگی دی گئی ہے،حکومت نے وزیردفاع پرویزخٹک کانام کمیٹی کے چیئرمین کیلئے دیاہے،پارلیمانی کمیٹی پہلے اجلاس میں ٹی او ارز مرتب کریگی اور تحقیقات کیلئے ٹائم فریم کا تعین کریگی۔پیر کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عام انتخابات 2018میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے 30رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ 30رکنی پارلیمانی کمیٹی میں 10 سینیٹرز اور 20ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی میں حکومت کی جانب سے وزیر دفاع پرویز خٹک کو پارلیمانی کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں وفاقی وزراء شفقت محمود ، شیریں مزاری ، فواد چوہدری ،چوہدری طارق بشیر چیمیہ ، سینیٹر اعظم خان سواتی شامل ہیں۔ کمیٹی میں حکومت کے دیگر ارکان میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہیپ عامر ڈوگر ، حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد حسین مگسی ، بی این پی مینگل کے محمد اختر مینگل ، ایم کیو ایم کے امین الحق ، جی ڈی اے کے غوث بخش خان مہر ، ایم کیو ایم کی سینیٹر محمد علی خان سیف ، بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر سرفراز احمد بگٹی ، تحریک انصاف کے سینیٹر نعمان وزیر خٹک ،فاٹا کے سینیٹر ہدایت اللہ شامل ہیں۔ 30رکنی پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ (ن)کے سردار ایاز صادق ، رانا تنویر حسین ، احسن اقبال ، مرتضیٰ جاوید عباسی ، رانا ثناء اللہ ، سینیٹر جاوید عباسی اور سینیٹر اسد علی خان جنیجو شامل ہیں جبکہ کمیٹی میں پاکستان پیپلز پارٹی سے راجا پرویز اشرف ، سید خورشید احمد شاہ، سید نوید قمراورسینیٹر رحمان ملک ،اے این پی کی جانب سے اعظم خان ہوتی، ایم ایم اے کی جانب سے عبدالواسع، سینیٹر عبدالغفور حیدری اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑشامل ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی پہلے اجلاس میں ٹی او ارز مرتب کریگی اور تحقیقات کیلئے ٹائم فریم کا تعین کریگی۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن)سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر 18ستمبر کو وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تحریک قومی اسمبلی میں پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا تھا۔

مزید :

صفحہ اول -