اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے ماضی کی حکومتوں کے اقدامات کی وجہ سے بال بال قرض میں ڈوبا ہوا ہے ، اداروں میں لوگ( ن) لیگ کے اور قانون بھی پچھلی حکومتوں کا ہے ، پی ٹی آئی حکومت نے جو فیصلے کئے وہ ماضی کی حکومتوں کی وجہ سے کرنے پڑے،( ن) لیگ کا بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے کا دعوی جھوٹا،انہوں نے 37فیصد قیمتیں بڑھائیں ،2008میں نوید قمر کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا تو انکا نہیں مشرف کی حکومت کا قصورتھا، اسی طرح 2013میں اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے پاس گئے تویہ پیپلز پار ٹی کی حکومت کا قصور تھا۔اب 2018میں آئی ایم ایف کے پاس جانا تحریک انصاف نہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا قصور ہے۔ خزانے پر سارا بوجھ پچھلی حکومت ڈال کر گئی ہے،ضمنی الیکشن میں سب سے زیادہ نشستیں پی ٹی آئی نے جیتی ہیں ، نشستیں ہارنے کی وجہ حکومتی کارکردگی کو قرارنہیں دیا جا سکتا، ضمنی انتخابات میں عام انتخابات کا عکس نظرآیا، ہر سیاسی جماعت میں اونچ نیچ ہوتی ہے، ہمایوں اختر بڑے لیڈر ہیں مگر عمران خان سے موزانہ نہیں کیاجاسکتا ۔ پیر کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا ماضی میں پی ٹی آئی بھی ضمنی الیکشن کی نشستیں جیت چکی ہے۔ لیگی حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے اوگرا کو 453ارب کا خسارہ ہوا، جو فیصلے کیے وہ ماضی کی حکومتوں کی وجہ سے کرنے پڑ ے ۔ قیمتوں کا جائزہ اور تعین کیلئے ایک ادارہ ہوتا ہے،ہماری حکومت آئی تو ڈالر 128روپے کا تھا۔آج جس قرض کے دلدل میں ہم ڈو بے ہوئے ہیں اس میں 100فیصد قصور( ن) لیگ کا ہے،اسی قرض کے دلدل کی وجہ سے روپے کی قدر میں کمی آئی ہے۔ جلد ہی پاکستان میں پے پال متعارف کرائیں گے ،پے پال کمپنی کے سربراہ سے ملا قات کرنے کیلئے تیار ہیں ، پاکستان میں آن لائن کام یا بیرون ملک سے شاپنگ کرنیوالوں کی پریشانی ختم ہونیوالی ہے، آئندہ چار ماہ میں پے پال کو پاکستان میں متعارف کرانے کیلئے ٹاسک فورس کو متحرک کردیا ہے، آئی ٹی کے وزیر اور سیکرٹری سے بھی اس حوالے سے بات کی جا چکی ہے۔بعدازاں اپنے ایک بیان میں انکا کہنا تھا اربوں روپے کی جائیداد والوں کونوٹس جاری کردیے ہیں، نیاپاکستان بن رہا ہے،عوام ٹیکس دیکراس کا حصہ بنیں ۔ آئی ایم ایف کا جوبھی پروگرام ہوگا پار لیمنٹ میں لے کرجائینگے،کشکول سے جان چھڑانی ہے توبرآمدات کوبڑھانا پڑیگا، مشکلات کے باو جو د غریبوں پرکوئی ٹیکس نہیں لگایا،(ن) لیگ کی حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا،مفتاح اسماعیل نے پچھلے سال1200 ارب کے نو ٹ چھاپے،سرکاری اداروں کواپنے پاؤں پرکھڑا کرنا ہے جبکہ ٹیکس چوری ہوتا ہے اس سے کوئی انکارنہیں کرسکتا۔