وفاقی اورسندھ حکومت کے مابین تنا ؤکی کیفیت کم ہونے لگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت اورسندھ حکومت کے مابین تنا ؤکی کیفیت کم ہونے لگی اورجمود ٹوٹنے لگا،حکومت سندھ سول سروسزریفارمز اورکفایت شعاری کے لیے قائم کردہ وزیراعظم کی ٹاسک فورس کوسفارشات پیش کرنے پرراضی ہوگئی۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سول سروسزریفارمز اورکفایت شعاری کے لیے قائم کردہ ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹرعشرت حسین نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلی ہاس میں ملاقات کی اورسول سروسزرولزمیں اصلاحات اور آسٹرٹی پرتبادلہ خیال کیا۔وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹرعشرت حسین کویقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت سول سروسزرولزمیں اصلاحات کیلیے وفاقی ٹاسک فورس کواپنی سفارشات پیش کرے گی ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ایک کمیٹی سول اصلاحات اورکفایت شعاری پرکام کررہی ہے،اصلاحات لانے کامقصد نظام کوبہتر کرناہے مرادعلی شاہ نے کہا کہ حکومت ہرایک ملازم کو مقررہ وقت پرترقی کے مواقع فراہم کرے گی، اصلاحات میں ہرسروس کیڈرکواچھا کیریئردیں گے،اصلاحات سے متعلق تجاویز وفاقی ٹاسک فورس کولازمی بھیجیں گے۔