قبائلی اضلاع میں عوام کو صحت انصاف کارڈز فراہم کئے جائیں گے : شاہ فرمان
پشاور(سٹی رپورٹر)گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ قبائلی اضلاع میں عوام کوصحت کی سہولیات کی فراہمی کی غرض سے صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائیں گے جبکہ قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات وہاں کے منتخب نمائندوں اوروہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق اٹھائے جائیں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پیرکے روز گورنرہاؤس پشاورمیں قبائلی اضلاع کے مسائل ومشکلات کے حل کیلئے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ ڈاکٹرنورالحق قادری، اراکین قومی اسمبلی ساجد خان مہمند، محمد اقبال خان، عبدالشکور، ساجد حسین طوری، اراکین سینیٹ حاجی اورنگزیب، مومن خان آفریدی سمیت پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرنظام الدین اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ قبائلی اضلاع میں دستیاب قدرتی وسائل کے صحیح استعمال سے ان علاقوں کے عوام قسمت بدل سکتی ہے جس کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ قدرتی وسائل کے صحیح استعمال سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔ اجلاس میں قبائلی جرگہ سسٹم کو قانونی حیثیت دینے ، قبائلی طلباء کی وظائف کی بحالی، این ایف سی ایوارڈ میں قبائلی اضلاع کے حصہ کا تعین سمیت دیگر امور پر تفصیلی غوروخوض کیاگیا۔