گنے کی امدادی قیمت مقررکرنے میں تاخیر،آبادگارپریشانی سے دوچار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں گنے کی امدادی قیمت مقررکرنے میں تاخیرکرنے پرآبادگارپریشانی سے دوچارہوگئے،سندھ کے وزیرزراعت نے گنے کی قیمت کے سلسلے میں مشاورتی اجلاس بدھ کوبلانے کی یقین دہانی کرادی۔ سندھ میں گنے کی امدادی قیمت مقررکرنے کے لیے حکومت سندھ نے تاحال کوئی قدم نہیں آٹھایا ہے جس کی وجہ سے آباد گارایک بارپھرپریشان ہوگئے ہیں سندھ میں کرشنگ سیزن بارہ اکتوبرسے شروع ہوچکا ہے مگرگنے کی امدادی قیمت مقررنہ کیے جانے سے آبادگاروں کے لیے مسائل پیدا ہورہے ہیں گنے کی امدادی قیمت کے تعین کے لیے حکومت سندھ اورآباد گاروں کے مابین گذشتہ تین برس سے تنازعہ چلا آرہا ہے موجودہ صوبائی وزیراسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں آبادگاروں کوگنے کی قیمت کے مسئلہ پرکوئی پریشانی نہیں ہوگی بدھ کومشاورتی اجلاس بلایا گیا ہے جس میں آبادگاروں کی تجاویز کی روشنی میں حکومت سندھ گنے کی امدادی قیمت کا اعلان کرے گی اورسرکاری قیمت پرگنے کی خرید بھی یقینی بنائی جائے گی۔اجلاس میں سیکریٹری زراعت، سندھ آبادگار بورڈ، چیمبرز آف کامرس،کین کمشنر، کاشتکار و دیگر شریک ہونگے۔اجلاس میں سندھ آبادگار بورڈ،کاشتکاروں اور شوگر ملز مالکان گنے کی قیمت مقررکرنے کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گے جس کے بعد گنے کی امدادی قیمت کا تعین اورکرشنگ سیزن کا اعلان کیا جائے گا۔