پریمیئر لیگ ،کے الیکٹرک کی پاکستان نیوی کیخلاف کامیابی
ملتان(پ ر) کے الیکٹرک فٹبال کلب نے پاکستان نیوی فٹبال کلب کو دلچسپ مقابلے کے بعدشکست دے کر پاکستان پریمیئر لیگ میں اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی۔ ملتان کے قلعہ قاسم باغ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں کے الیکٹرک نے55ویں منٹ میں پہلا گول کھانے کے باوجود پاکستان نیوی فٹبال کلب کو 2-1سے شکست دی۔میچ کے 55ویں منٹ میں پاکستان نیوی کی ٹیم نے فارورڈ عبدالرحیم کے گول کی بدولت ایک گول کی برتری حاصل کر لی جسے جلد ہی کے الیکٹرک کی ٹیم نے برابر کر دیا۔ کے الیکٹرک کے فارورڈ اور کپتان محمد رسول نے دوسراگول کر کے پاکستان پریمیئر لیگ کی موجود ہ چیمپئن کولیگ کی تیسری کامیابی سے ہمکنار کرادیا۔کے الیکٹرک کی ٹیم اب تک اپنے تین میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور کسی میچ میں شکست کا سامنا نہیں کیا۔ جس کے بعد کے الیکٹرک کی ٹیم کوپی اے ایف فٹبال کلب پر گولز کے اعتبار سے واضح برتری حاصل ہے ۔کے الیکٹرک فٹبال کلب کے کپتان محمد رسول نے میچ میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ،’’یہ شاندار کامیابی ٹیم ورک اورانتہائی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ پاکستان نیوی فٹبال کلب جیسی مشکل ٹیم کے سامنے ،ایک مرتبہ ،خسارے میں جانے کے بعد کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کے دوران ناقابل شکست رہیں گے اور سیزن کے اختتام پر اپنا ٹائٹل برقرار رکھیں گے۔‘‘کے الیکٹرک فٹ بال کلب کے اسٹرائیکر اور کپتان محمد رسول پانچ گولوں کے ساتھ اب تک ٹاپ اسکورر ہیں۔ کے الیکٹرک کی ٹیم اب اپنا اگلا میچ خان ریسرچ لیباریٹری کیخلاف21 اکتوبر کو لاہور میں کھیلے گی۔