کلرسیداں،بیوی ،بیٹی کو قتل،دوبیٹوں کو زخمی کرنیوالا بھتیجے،رشتہ دارسمیت گرفتار

کلرسیداں،بیوی ،بیٹی کو قتل،دوبیٹوں کو زخمی کرنیوالا بھتیجے،رشتہ دارسمیت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کلر سیداں(تحصیل رپورٹر)تھانہ کلر سیداں پولیس نے بیٹیوں کے رشتے کے تنازع پر بیوی اور بیٹی کو گولیاں مار کر قتل کردینے اور دو بیٹیوں کو زخمی کرنے کے الزام میں نامزد ملزم طارق بٹ اور واردات میں معاونت کرنے کے الزام میں بھتیجے اور ایک رشتہ دار کو باضابطہ گرفتار کر کے چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کر دی جبکہ قتل کی واردات کی معاونت کرنے والے تیسرے ملزم ضیاء الحق کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔تفتیش آفیسر سب انسپکٹر انور جاوید نے بتایا کہ گرفتار ہونے والا ملزم ابراہیم جو کہ مرکزی ملزم کا بھتیجا ہے نے نہ صرف آلہ قتل فراہم کرنے میں مدد دی بلکہ وقوعہ سے قبل مرکزی ملزم کو لاہور آئر پورٹ سے وصول کر کے اس کے بھانجے ضیاء الحق کے گھر واقع چوکپنڈوری میں تین یوم تک اس کی آمد کو خفیہ رکھا ۔ بھتیجے ابراہیم نے وقوعہ کے دوران ایک دوسرے کیساتھ رابطہ کو یقینی بنانے کیلئے اپنے چچا(ملزم) کو تین سمیں بھی خرید کر دیں اور وقوعہ کامیاب کروانے میں مدد دی جس کے بعد ملزم توقیر جو کہ مرکزی ملزم طارق بٹ کا رشتہ دار بتایا جاتا ہے نے اپنی موٹر سائیکل کے ذریعے گوجرخان کے راستے لاہور فرار کروانے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا ۔بعد ازاں ملزم ضیاء الحق(مرکزی ملزم کا بھانجا) جو کہ ٹریولنگ ایجنسی کا بھی کاروبار کرتا ہے نے اپنے ذرائع استعمال کر کے اسلام آباد آئیر پورٹ کے راستے بیرون ملک فرار کرنے کی کوشش میں معاونت کی تا ہم جہاں فضاء میں اڑنے سے قبل ملزم کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔پولیس نے واردات کے دوران استعمال ہونے والا موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لیا ہے۔ملزم طارق بٹ کی بیٹی نجمہ سلطانہ جو بازو پر گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئی تھی ابھی تک اسپتال میں زیر علاج ہے اور اسے اس واقعہ میں اپنی والدہ اور ہمشیرہ کے قتل ہو جانے سے بھی ابھی تک باخبر رکھا ہوا ہے۔یاد رہے کہ 6 اکتوبر دن آڑھائی بجے کے قریب رشتوں کے تنازع پر کلر سیداں کے رہائشی سپین پلٹ طارق بٹ نے اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا جن میں سے اس کی اہلیہ اور بیٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی تھیں جبکہ اس کی دوبیٹیوں کو راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا ۔