برانچز پر رش؛ ڈرائیوروں کو 14 جنوری تک لائسنس لازمی بنوانے کی ہدایت

برانچز پر رش؛ ڈرائیوروں کو 14 جنوری تک لائسنس لازمی بنوانے کی ہدایت
برانچز پر رش؛ ڈرائیوروں کو 14 جنوری تک لائسنس لازمی بنوانے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ویب ڈیسک) شہر قائد میں ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی تاریخ میں اضافہ کردیا گیا شہری 14 جنوری تک اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 10 اکتوبر کوکراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے شہر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمدکے حوالے سے اہم اجلاس کے بعد وڈیو پیغام میں کہا تھا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانونی طور پر جرم ہے، بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈاکٹر امیر شیخ نے اعلان کیا تھا کہ شہری ایک ماہ میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوالیں اور ایک ماہ کے بعد شہر میں بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والے شہریوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کے اس اعلان کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کی تینوں برانچوں کلفٹن، ناظم آباد اور کورنگی میں شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی تھی جس کے باعث ڈرائیونگ لائسنس برانچز کے عملے کو شدید پریشانی کا سامنا تھا، وہیں شہری بھی شدید اذیت سے دوچار ہو رہے تھے، گزشتہ روز ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی تاریخ میں اضافہ کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی لائسنس برانچ فرحت علی جونیجو نے ایکسپریس کو بتایا کہ شہری 14 جنوری 2019 تک اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں، ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی تاریخ میں اضافے کا فیصلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیر شیخ سے مشاورت کے بعد کیا گیا، شہر میں ڈرائیونگ لائسنس برانچزکی کمی اور لائسنس بنوانے کیلیے آنے والے شہریوں کی تعداد زیادہ تھی جس سے مشکلات پیش آ رہی تھیں، ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی تاریخ میں اضافے کے بعد شہری بغیر کسی تکلیف کے ڈرائیونگ لائسنس کی کسی بھی برانچ سے اپنا لائسنس بنوا سکتے ہیں۔