ن لیگ کے دور میں لگنے والے پاور پلانٹس کے آڈٹ کا حکم دے دیا، پنجاب میں نیب نے تحقیقات شروع کردیں: فواد چوہدری

ن لیگ کے دور میں لگنے والے پاور پلانٹس کے آڈٹ کا حکم دے دیا، پنجاب میں نیب نے ...
ن لیگ کے دور میں لگنے والے پاور پلانٹس کے آڈٹ کا حکم دے دیا، پنجاب میں نیب نے تحقیقات شروع کردیں: فواد چوہدری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے پاور پلانٹس دنیا کی مہنگی ترین بجلی پیدا کر رہے ہیں، تمام پلانٹس کے آڈٹ کا حکم دے دیا گیا ہے، 2 کا آڈٹ شروع ہوگیا ہے جبکہ پنجاب میں لگائے گئے پلانٹس کی تحقیقات نیب نے شروع کردی ہیں۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ لیگی حکومت نے قرضے لے کر ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، مسائل کے حل کیلئے 8 سے 10 ماہ درکار ہیں۔
بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت پاور پلانٹس سے حکومت کو 14 روپے 22 پیسے فی یونٹ بجلی مل رہی ہے ۔ صوبوں کو ہائیڈل پرافٹ میں سے 86 پیسے فی یونٹ حصہ دینا ہوتا ہے جبکہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو 45 پیسے فی یونٹ دینا ہوتا ہے ۔ 2 سال پہلے بجلی کی قیمت 12 روپے 90 پیسے تھی جبکہ اب بجلی کی قیمت بڑھ کر 15 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہوگئی ہے۔ حکومت اس قیمت پر بجلی بنا کر صارفین کو 11 روپے 31 پیسے میں دے رہی ہے جس کی وجہ سے حکومت کو ہر یونٹ پر 2 روپے 63 پیسے نقصان ہورہا ہے۔ اس کا مقصد ہے کہ حکومت سردیوں میں روزانہ ایک ارب 2 کروڑ روپے روزانہ کا نقصان کر رہی ہے جبکہ گرمیوں میں یہی نقصان ایک ارب 80 کروڑ روپے ہوجاتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا دور بجلی کے معاملات کے حوالے سے بدترین تھا کیونکہ ان کی سیاسی ساکھ نہیں تھی اس لیے وہ بڑے فیصلے نہیں کرسکے اور بجلی کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، نیپرانے کہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھائیں ورنہ ہر روز نقصان اٹھائیں گے کیونکہ بجلی پر سبسڈی کی وجہ سے 34 سے 36 ارب روپے ہر مہینے گردشی قرضے میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پلانٹ سے فی یونٹ 17 روپے میں پڑ رہا ہے، یہ دنیا کا سب سے مہنگا سولر پلانٹ ہے۔ بھکی، حویلی بہادر شاہ، پورٹ قاسم، ساہیوال کول پاور پلانٹ سمیت مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے ان پلانٹس کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ 32 پیسے اضافہ ہوا ہے کیونکہ یہ پلانٹس دنیا کی مہنگی ترین بجلی بنا رہے ہیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ تمام پلانٹس کے آڈٹ کا حکم دے دیا گیا ہے، 2 کا آڈٹ شروع ہوگیا ہے جبکہ پنجاب میں لگائے گئے پلانٹس کی تحقیقات نیب نے شروع کردی ہیں۔ ہم اداروں کو درست تو کریں گے ہی ساتھ ن لیگ کی حکومت کے کیے جانے والے مجرمانہ کھلواڑ کو بھی سامنے لائیں گے اور ذمہ دارارن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔