آئی ایس آئی کو ہیڈ کوارٹرز کے سامنے سے رکاوٹیں ہٹانے کیلئے مزید 6 ہفتوں کی مہلت
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے ملک کی اہم ترین خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم اپنے ہیڈ کوارٹرز کے سامنے سڑک سے رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے مزید 6 ہفتے کا وقت دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مرکزی شاہراہ خیابان سہروردی پر رکاوٹیں رکھنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔اس دوران وزارت دفاع کے نمائندے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نایاب گردیزی اور دیگر حکام پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران حساس ادارے کے نمائندے کی جانب سے بند لفافے میں رپورٹ پیش کی گئی، جسے عدالت عظمیٰ کے معزز ججز نے پڑھ کر وزارت دفاع کے نمائندے کو واپس کردیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نایاب گردیزی نے عدالت کو بتایا کہ عمارت میں اہم اور حساس آلات ہیں، جنہیں منتقل کرنے میں وقت لگے گا، اس پر عدالت عظمیٰ نے رکاوٹیں ہٹا کر سڑک کھولنے کےلئے مزید 6 ہفتوں کی مہلت دے دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کی جانب سے آئی ایس آئی کو اسلام آباد میں قائم ہیڈ کوارٹرز کے سامنے سے سڑک سے رکاوٹیں ختم کرنے کےلئے 8 ہفتے کی مہلت دی گئی تھی۔