پانچ روزہ دورے پر گئے سینئر صحافیوں اور دانشوروں کے وفد کا چین میں پرتپاک استقبال
بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاک چین تعلقات کے فروغ کی تنظیم ’’ انڈر سٹینڈنگ ‘‘ چائنہ کے زیر اہتمام سینئر صحافیوں اور دانشوروں کے وفد کا چین پہنچتے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ چینی میڈیا کے اراکین نے بیجنگ ایئر پورٹ پر وفد کو خوش آمدید کہا۔
تفصیلات کے مطابق پانچ روزہ دوسرے پر گئے پاکستان کے مختلف صوبوں سے تعلق والے سینئر اینکرز ، صحافیوں اور دانشوروں کا چینی میڈیا کے اراکین نے بیجنگ ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ وفد کو چین کے مقتدر اخبار چائنااکنامک ڈیلی کے دفاتر کا دورہ کروایا گیا۔ وفد نے اخبار کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اخبار کے سنیئر عملے نے مہمان وفد کو اخبار کی تاریخ اور اسکی اہمیت سے آگاہ کیا۔
چینی میڈیا کے مطابق پاکستان کے صحافی نہایت اہم وقت پر چین آئے ہیں۔ چینی مدیران کا کہنا تھا کہ اسطرح کے صحافتی دورے پاک چین تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بعدازاں اخبار کی ادارتی ٹیم نے وفد کو چینی معیشت کے بارے میں بریفنگ دی اور موجود حالات سے آگاہ کیا۔ ’’ انڈر سٹینڈنگ چائنہ ‘‘ کے زیر اہتمام جانے والے وفد میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ ، ہارون الرشید ، ارشاد عارف ، حبیب اکرم ، شعیب بن عزیز سلیم بخاری ، مذیر لغاری، خوشنود علی خان ، مجاہد بریلوی ، بیازد خان ، عامر خان ، ظفر الدین محمود اور منصور آفاق شریک ہیں۔ وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ ہم چینی عوام کیلئے محبت اور خیر سگالی کا پیغام لے کر آئے ہیں اور چین کے عوام کا انداز محبت ناقابل بیان ہیں۔