لاپتہ افراد کی ماہانہ رپورٹ جمع، ستمبر میں 74 کیسز درج ہوئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیشن نے خصوصی بنچ کو ماہانہ رپورٹ جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2018 میں 36 لاپتہ افراد کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 13 افراد اب بھی حراستی مراکز میں موجود ہیں جبکہ 74 کیسز رجسڑد ہوئے۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے تشکیل دیئے گئے سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ میں جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سردار طارق مسعود شامل ہیں جو لاپتہ افراد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر مبنی رپورٹ اور کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2011 کے بعد سے لاپتہ ہونے والے افراد کی تفصیلات حاصل کرکے ماہانہ بنیاد پر خصوصی بنچ کو آگاہ کریں۔
خصوصی بنچ کو جمع کرائی گئی تازہ رپورٹ کے مطابق 5 ہزار 430 لاپتہ افراد کے کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 3 ہزار 556 کو نمٹا دیا گیا اور ایک ہزار 868 کیسز تاحال زیرالتوا ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر میں 74 کیسز درج ہوئے۔سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔