خودکش حملے کا خطرہ، ترکی میں ایرانی سفارتخانہ خالی کرالیا گیا
انقرہ(این این آئی) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایرانی سفارتخانے کو خودکش حملے کے خطرے کے پیش نظر خالی کرالیا گیا۔ترکی کے مقامی میڈیا کے مطابق مبینہ خودکش بمبار کے سفارت خانے میں داخل ہونے کی رپورٹس کے بعد ایرانی سفیر اور دیگر عملے کو عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک دارالحکومت میں ایرانی مشن کو ممکنہ خودکش حملے سے متعلق خبردار کیا گیا تھا، تاہم اس تنبیہ کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔خودکش حملے کے خطرے کے بعد پولیس نے سفارت خانے کے اطراف کی سڑکیں بند کرنے کے بعد عمارت کے قریب کھڑی گاڑیوں کی جامع تلاشی لی۔تاہم ایران نے انقرہ میں اپنے سفارتخانے میں خودکش حملے کے خطرے کو رد کردیا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں انقرہ کے سفارتخانے میں بم حملے اور عمارت کو خالی کرانے کی رپورٹس کی تصدیق کی۔واضح رہے کہ 2015 اور 2016 میں ترکی میں متعدد خودکش حملے ہوئے تھے، جن کی ذمہ داری کرد عسکریت پسندوں اور داعش نے قبول کی تھی۔