’’ بہار کب آتی ہے؟‘‘ بھارتیوں نے شاہی بچے کی پیدائش کے بارے میں سن کے انٹرنیٹ پر سرچ کرنا شروع کر دیا ، لیکن کیوں؟ جانئے
نئی دلی(نیوز ڈیسک)بھارت میں اس وقت انٹرنیٹ صارفین ’’بہار 2019‘‘ کے الفاظ کو بہت زیادہ سرچ کر رہے ہیں، اتنا زیادہ کہ یہ نمایاں ترین سوشل میڈیا ٹرینڈ بن گیا ہے ، لیکن کیوں ، یہ جان کر آپ کو بہت حیرت ہوگی ۔
نیوز ویب سائٹ news18 کے مطابق یہ ٹرینڈ برطانوی شہزادی میگھن مارکل کے حاملہ ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد شروع ہوا، اور خصوصاً اس وجہ سے کہ اُن کے ہاں بچے کی پیدائش بہار 2019 میں متوقع ہے۔ برطانوی شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں اگلے سال بچے کی متوقع پیدائش کے متعلق کینسنگٹن پیلس کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا۔ برطانوی تخت کی جانشینی کی فہرست میں یہ بچہ ساتویں نمبر پر ہوگا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میگھن مارکل اس وقت تقریباً 3 ماہ کی حاملہ ہیں اور دنیا بھر سے ان کیلئے نیک تمناؤں کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ کینسنگٹن پیلس کے اس اعلان کے بعد دنیا بھر میں سپرنگ 2019کے الفاظ کی سرچ شروع ہوگئی لیکن بھارتی شہری تو ساری دنیا سے ہی آگے نکل گئے ۔ لگتا ہے کہ برطانوی شہزادی کے ہاں بچے کی پیدائش کا سب سے زیادہ انتظار انہیں ہی ہے۔ اتنی بے تابی تو شاید خود برطانیہ والوں کی نہیں ہو گی جتنی بے تابی کا اظہار بھارتی شہری کر رہے ہیں۔