کشمیری طالب علموں کو ہراساں کرنے کا بھارتی عمل اب ظلم و جبر کی ساری حدیں پار کر چکا ہے : یاسین ملک
سرینگر(آن لائن) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری طالب علموں کو ہراساں کرنے کا بھارتی عمل اب ظلم و جبر کی ساری حدیں پار کر چکا ہے ۔
سرینگر میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ طالب علموں کے خلاف آمرانہ احکامات کی اجرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت ایک فرسودہ جمہوریت بن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعزیتی مجلس منعقد کرنے اور جنازے پڑھنے پر طالب علموں کو تعلیمی اداروں سے نکال باہر کرنا اور یوں تعلیم کے حق سے محروم کر دینا محض آمریت اور جمہوری قدروں کی بیخ کنی ہی کہلا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حکمرانوں ، ان کے سول ینز سکیورٹی ادارے سے وابستگان ، یونیورسٹی اور کالجوں کے سربراہان اور عہدیداروں ، میڈیا سے وابستہ لوگوں پر لازم ہے کہ وہ اپنے ملک بھارت کی تاریخ تحریک آزادی ازسرنو زیر مطالعہ لائیں تاکہ ان کی حق کے ساتھ کچھ آشنائی ہو سکے ۔