جذباتی لوگ ہرجگہ موجود ہوتے ہیں، میں تحریک انصاف میں آکر فواد چودھری نہیں بن گیا:رمیش کمار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہاہے کہ حکومت کا نیب میں کوئی اثر و نفوذ نہیں ہے ، جذباتی لوگ ہرجگہ ہوتے ہیں، وزیر اطلاعات کو پارلیمنٹ میں ایسے بیانات نہیں دینے چاہئے ، میں تحریک انصاف میں آکر فواد چودھری نہیں بن گیا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگو کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ نیب کے اندر کوئی حکومت کا کوئی اثر و نفوذ نہیں ہے ، ہمارے وزیر اطلاعات کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئے ، جذباتی لوگ ہر جگہ پر ہوتے ہیں، پارلیمنٹ کوچلانا ہے اور پالیمنٹرینز کو ایک ماڈل ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم چیف ایگزیکٹو ہوتاہے وہ ہر ادارے کے سربراہ سے مل سکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اوراس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئے ، ابھی تک نیب میں جو کیسز چل رہے ہیں وہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ادوار میں بنائے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر آدمی کا اپنا اپناضمیر ہوتاہے جب میں ن لیگ میں تھا تواس وقت بھی ضمیر کے مطابق بات کرتا تھا لیکن اب میں تحریک انصاف میں آکر فواد چودھری نہیں بن گیا ۔