بھارت تیزی سے ایک انتہا پسند ہندو ریاست بن رہا ہے:جنرل زبیر محمود حیات
اسلام آباد(صباح نیوز) چیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ بھارت تیزی سے ایک انتہا پسند ہندو ریاست بن رہا ہے، بھارت کے جنگی جنون سے جنوبی ایشیاء کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر معاشی اور طبقاتی تفریق بڑھ رہی ہے ، پاپولزم اور بڑھتی انتہا پسندانہ سوچ بھی لمحہ فکریہ ہے قوموں کے درمیان تعلقات سیاسی اور معاشی تناظر کی بنیاد پر بدلتے رہتے ہیں۔ جنوبی ایشیاء کئی لحاظ سے دنیا کے باقی خطوں سے منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ جنوبی ایشیاء خطہ قدرتی وسائل معاشی مواقع اور فطری حسن سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ دنیا میں امن لانے کی ذمہ دار ہے امن و استحکام ریاستوں کے درمیان تعلقات کا خاصا ہونا چاہیے۔