پاور لومز کی ہڑتال!

پاور لومز کی ہڑتال!

  



بجلی ٹیرف کے خلاف آج(بدھ) سے فیصل آباد پاور لومز بند رہیں گی۔یہ ہڑتال غیر معینہ مدت کے لئے ہے اور مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی،ہمارے سٹاف رپورٹر کی اطلاع کے مطابق پاور لومز والے کئی روز سے احتجاج کر رہے تھے کہ بجلی نرخوں میں اضافے کی وجہ سے ان کے اخراجات میں اضافہ ہو گیا اور مارکیٹ میں مال بیچنا نقصان دہ ہے۔حکومت کو نیا ٹیرف واپس لینا چاہئے، پاور لومز بند ہو جانے سے ہزاروں مزدور بھی بے روزگار ہو جائیں گے،جو روزانہ اجرت کی بنیاد پر کام کرتے ہیں، جبکہ جو چند مستقل ہیں ان کو بھی فارغ کرنے کا سوچا جا رہا ہے۔حکومت نے سخت پالیسیوں کا ذکر کر کے کہ اس طرح معیشت ٹھیک ہو گی، یوٹیلٹی سروسز کے نرخوں میں اضافہ در اضافہ کیا اِسی طرح بجلی کے نرخ بھی مسلسل بڑھائے گئے، حتیٰ کہ گزشتہ ماہ کے دوران صرف دو دِنوں میں تین بار اضافہ کیا گیا۔ٹیکسٹائل کا شعبہ جو پاکستانی برآمدات میں سب سے اہم ہے، پہلے ہی عالمی مقابلے میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے کہ متعلقہ اشیاء بھی مہنگی ہو چکی ہیں۔ پٹرولیم کے نرخ بھی بڑھے اور یہ سارا بوجھ پیداواری یونٹوں پر منتقل ہوا۔ ملک کے اندر تو یہ اضافے صارفین(عوام) کی طرف منتقل کر دیئے گئے،لیکن بیرون ملک برآمدی قیمتوں میں اضافہ ممکن نہیں کہ بھارت،بنگلہ دیش، ملائشیا، انڈونیشیا اور چین جیسے ممالک سے مقابلہ ہے، اسی حوالے سے پاور لومز والوں کا کہنا ہے کہ ان کو منافع کی جگہ نقصان ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی رویہ بھی سمجھ سے باہر ہے کہ جب مطالبات سامنے آتے ہیں تو اغماض کا راستہ اختیار کر لیا جاتا ہے،حالانکہ بات چیت اور مذاکرات ابتدا ہی میں ہونا چاہئیں تاکہ جو بھی فیصلہ ہو وہ صنعت اور عوام کے مفاد کی خاطر ہو سکے،حکومت کو ضد چھوڑ کر ادھر توجہ دینا چاہئے۔

مزید : رائے /اداریہ