صابن سے ہاتھ دھوکر مہلک بیماریوں سے بچاجاسکتا ہے، کامران بنگش

صابن سے ہاتھ دھوکر مہلک بیماریوں سے بچاجاسکتا ہے، کامران بنگش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ صابن سے ہاتھ دھونا یقیناایک چھوٹا عمل ہے لیکن اس کو عملی طور پر کرنے سے ہم کئی مہلک بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ عالمی سطح پرصابن سے ہاتھ دھونے کا عالمی دن منانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ صابن سے ہاتھ دھونا معمولی بات نہیں ہے بلکہ انسانی صحت پر اس کے گہرے اثرات ہیں۔ عمومی طور پر اکثر بچوں کو ہیضہ، قے اور دست جیسی بیماریاں صابن سے ہاتھ نہ دھونے کی وجہ سے لاحق ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کامران بنگش نے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور کے زیراہتمام صابن سے ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہاتھ دھونے کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں معاون خصوصی نے کہا کہ صابن سے ہاتھ دھونے کے متعلق شعور اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے جبکہ علماء اور اساتذہ اسی حوالے سے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ پشاور شہر کو صاف کرنا اوررکھنا صرف ڈبلیو ایس ایس پی کی ذمہ داری نہیں ہے اس عمل میں عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے تاکہ پشاور کو مل کر پھولوں کا شہر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر سیٹیزن لائزان سیل کے مینیجر محمد اسماعیل نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کو شیلڈ بھی پیش کیا۔ جبکہ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سباؤن، ریلیف انٹرنیشنل سمیت دیگر فلاحی اداروں کے نمائندے بھی شریک تھے۔