شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے شہید انسپکٹر رانا محمد فاروق کی10ویں،شہید کانسٹیبل محمد ارشدکی23ویں اور شہید کانسٹیبل محمد شکیل کی 10ویں برسی کے موقع پر شہداء کی بہادری اور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ راہ حق میں اپنی جان قربان کرنے سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔ شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان لاہور پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں۔اشفاق خان نے مزید کہا کہ لاہور پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں شہادت پانے والے جانثاروں سے بھری ہے۔شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر سپوتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ شہداء پولیس کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کے ورثاء کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔
شہید انسپکٹر رانا محمد فاروق کی آخری آرام گاہ واقع پاک عرب قبرستان کوٹ لکھپت پرتقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی ایس پی کاہنہ رانا غلام عباس، شہداء کے ورثاء، اہل علاقہ سمیت پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ لاہور پولیس کے مسلح دستے نے شہید کی قبر پرسلامی دی اور لاہور پولیس کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئی۔ یاد رہے کہ شہید انسپکٹر رانا محمد فاروق وقت شہادتFIAمیں تعینات تھے۔ 2009ء میں آج ہی کے دن ایف آئی اے بلڈنگ بم دھماکہ میں شہید ہوئے تھے۔ شہیدکانسٹیبل محمد ارشد تھانہ نولکھااورشہید کانسٹیبل محمد شکیل عمر کمپنی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں تعینات تھے۔ شہید محمد ارشد1996ء میں آج ہی کے دن دورانِ پٹرولنگ جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے جبکہ شہیدکانسٹیبل محمد شکیل 2009ء میں پولیس ٹریننگ سکول مناواں میں دہشت گردوں کے حملہ کے نتیجہ میں زخمی ہوئے تھے جوزخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے آج ہی کے دن خالقِ حقیقی سے جا ملے۔شہید انسپکٹر محمد فاروق جوہر ٹاؤن لاہور،محمد ارشد شکر گڑھ نارووال اورشہید کانسٹیبل محمدشکیل فاروق آباد ضلع شیخوپورہ کے رہائشی تھے۔