پاکستان بزنس کونسل کی طرف سے سفیر پاکستان غلام دستگیر کے اعزاز میں عشائیہ
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان بزنس کونسل دبئی نے سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات غلام دستگیر کے اعزاز میں دبئی کے ایک ہوٹل میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں قونصلیٹ آف پاکستان دبئی، سفارتخانہ پاکستان، پاکستان بزنس کمیونٹی کے عہدیداران، ارکان اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی۔ عشائیہ میں شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے پاکستان بزنس کونسل کے صدر محمد اقبال داﺅد، سینئر نائب صدر احمد شیخانی، ڈائریکٹر راجہ ریاض ودیگر موجود تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت خالد محمود نے حاصل کی جبکہ تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض خرم خواجہ جنرل سیکرٹری پی بی سی دبئی نے انجام دئیے۔
اس موقع پر پی بی سی دبئی کے صدر محمد اقبال داﺅد نے معزز مہمانوں کے سامنے پاکستان بزنس کونسل کی کارکردگی پیش کی جس میں پی بی سی کے زیر اہتمام انجام پانے والے کاموں کا تفصیل سے ذکر کیا گیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات غلام دستگیر نے خطاب بھی کیا اور کہا کہ پاکستان پوری دنیا کے لئے بزنس کا مرکز بننے جارہا ہے جبکہ پاکستان ایکسپو 2020ءمیں بھی بھرپور حصہ لے گا جس سے پاکستان او ریو اے ای کے مابین تجارت بڑھے گی جس سے پاکستان کو معاشی طور پر فائدہ ہوگا۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی سکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ پی بی سی کے سینئر نائب صدر احمد شیخانی نے کہا کہ فلاح و بہبود کے کاموں کے سلسلہ میں پی بی سی کا تعاون قونصلیٹ اور سفارتخانہ کے ساتھ ہمیشہ رہے گا۔ ہم انفرادی طور پر اور مل جل کر یہاں مقیم پاکستانیوں کی بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے۔
عشائیہ کی اس تقریب میں قونصل جنرل احمد امجد علی، پاسپورٹ قونصلر وہاب شیخ، کمرشل قونصلر کامران خان، ویلفیئر قونصلر صولت ثاقب، پریس قونصلر عاشق حسین، شبیر مرچنٹ، محمد راشد اشرف، حاجی محمد یٰسین، راجہ سرفراز، ثمینہ ناصر، سید آصف زمان، عمران چودھری، میاں عمر ابراہیم، انوارالحق، شفیق الرحمن، محمد اعجاز، سرفراز خورشید، رئیس قریشی اور دیگر بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔