سندھ نے خیبرپختونخواہ کو 8 رنز سے شکست دیدی

سندھ نے خیبرپختونخواہ کو 8 رنز سے شکست دیدی
سندھ نے خیبرپختونخواہ کو 8 رنز سے شکست دیدی

  



فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل ٹی 20 کپ کے ساتویں میچ میں سندھ کی ٹیم نے خیبرپختونخواہ کی ٹیم کو 8 رنز سے شکست دیدی ہے، احسن علی کو 64 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جا رہے میچ میں خیبرپختونخواہ نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ احسن علی نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جبکہ خرم منظور نے 35، سعد علی نے 20، سرفراز احمد نے 3، انور علی نے 18، اسد شفیق نے 10 اور سہیل خان نے 13 رنز بنائے۔

خیبرپختونخواہ کی جانب سے کوئی بھی باﺅلر خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور عمر خان، جنید خان، عثمان خان شنواری، عمران خان جونیئر اور محمد محسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیبرپختونخواہ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 ہی بنا سکی۔ کپتان محمد رضوان نے 43 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ دیگر بلے بازوں میں فخر زمان 15، اسرار اللہ 28، افتخار احمد 20، عادل امین 15، خوشدل شاہ 15 اور عمران جونیئر 2 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے جبکہ محمد محسن بغیر کوئی سکور بنائے آﺅٹ ہوئے۔

سندھ کی جانب سے انور علی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور مرزا احسن جمیل نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

واضح رہے کہ سندھ ٹیم کی قیادت اسد شفیق نے کی اور دیگر کھلاڑیوں میں خرم منظور، عابد علی، سرفراز احمد، سعد علی، انور علی، سہیل خان، کاشف بھٹی، مرزا احسن جمیل، احسن علی اور محمد حسنین شامل ہیں جبکہ اضافیب کھلاڑیوں میں عمر بن یوسف، فواد عالم، ولید احمد اور میر حمزہ کو رکھا گیا ہے۔

خیبرپختونخواہ ٹیم کی قیادت محمد رضوان نے کی اور دیگر کھلاڑیوں میں اسرار اللہ، فخر زمان، عادل امین، افتخار احمد، خوشدل شاہ، عمر خان، محمد محسن، عمران خان جونیئر، عثمان شنواری اور جنید خان شامل ہیں جبکہ اضافی کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، مصدق احمد، محمد الیاس، زوہیب خان اور عرفان اللہ شاہ کو رکھا گیا ہے۔

مزید : کھیل