چینی کمپنی نے وزیراعظم عمران خان کا سب سے بڑا خواب پورا کرنے کی پیشکش کردی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی سرکار نے پاکستانیوں کو 50لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم تجزیہ کار حیران تھے کہ اتنی بڑی تعداد میں گھر بنانا کیسے ممکن ہو گا؟ تاہم اب ایک چینی کمپنی نے اس حوالے سے حکومت کو بڑی پیشکش کر دی ہے کہ حکومت قبول کر لے تو یہ وعدہ پورا ہونے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس چینی کمپنی نے پیشکش کی ہے کہ وہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ کے تحت 10لاکھ گھر بنا کر دے سکتی ہے۔
یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی مشیر رفاقت گیلانی نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ سے متعلق ایک تقریب میں بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ”چینی کمپنی نے یہ آفروزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوران کی۔ اس دورے میں وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جس پر کئی کمپنیوں نے اس پراجیکٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی اور ایک کمپنی نے 10لاکھ گھر بنا کر دینے کی پیشکش کر دی۔