’شہزادہ ولیم ہر بات میں میری نقل کر رہا ہے جس سے میں تنگ آچکا ہوں‘

’شہزادہ ولیم ہر بات میں میری نقل کر رہا ہے جس سے میں تنگ آچکا ہوں‘
’شہزادہ ولیم ہر بات میں میری نقل کر رہا ہے جس سے میں تنگ آچکا ہوں‘

  



نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں جس کی پوری دنیا میں دھوم مچی ہوئی ہے۔ ایسے میں معروف امریکی کامیڈین جیریمی میکلیلن نے ایسی بات کہہ دی کہ آپ کو بھی ہنسی آجائے گی۔

جیریمی میکلیلن نے ایک ٹویٹ میں شہزادہ ولیم پر اپنی نقل کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ’ میں اس بات سے تنگ آچکا ہوں کہ شہزادہ ولیم ہر اس چیز کی نقل کر رہا ہے جو میں نے کی ہے۔‘

کامیڈین نے اپنے دعویٰ کو وزن دار ثابت کرنے کیلئے کچھ مثالیں بھی پیش کیں اور کہا کہ شہزادہ ولیم میری طرح اپنے بال گنوا رہا ہے، اس نے بھی میری طرح انتہائی دلکش خاتون سے شادی کی اور میری طرح شہزادے نے بھی پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ جیریمی نے کہا کہ شہزادہ ولیم کی جانب سے نقل کرنے کا یہ سلسلہ اب بند ہوجانا چاہیے۔

جیریمی نے دعویٰ کیا کہ وہ بھی شاہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ، اپنے اس دعویٰ کی سچائی ثابت کرنے کیلئے انہوں نے 2018 کی ایک ٹویٹ کو بھی ری ٹویٹ کیا ۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیریمی کے ہاتھ میں چائے کا کپ ہے اور وہ کسی تاریخی عمارت کے سامنے کھڑے ہوئے ہیں، اس تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ’ لارڈ جیریمی آف ہاﺅس پنڈی، اپنی صبح کی چائے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔‘

مزید : ڈیلی بائیٹس