’دھرنے میں شامل کارکنوں کی تعداد 30لاکھ ہوجائے گی اور ۔۔۔‘ لیگی رہنما محسن رانجھا نے دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما محسن رانجھا نے کہاہے کہ ن لیگ بھی جے یو آئی ف کے دھرنے میں شامل ہوگئی تو کارکنوں کی تعداد 30لاکھ ہوجائیگی ، مولانا فضل الرحمن کی میڈیاکوریج پر پابندی لگا کر ان کو ہیرو بنایا جارہاہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں گفتگو کرتے ہوئے محسن رانجھا نے کہا کہ حالات اس طرح کے ہیں کہ پورے پاکستان میں جاسوس ہی جاسوس ہیں ، یہ جو موبائل فون ہے ، یہ ایک چلتا پھرتا جاسوس ہے ، یہ کہنا کہ مسلم لیگ ن میں جاسوس آگئے ہیں تو یہ کوئی سنجیدہ بات نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر کرپشن کے الزامات ثابت تب ہونگے جب حکومت نیب کوفری ہینڈ دیگی ، نیب کا چیئرمین کچھ کرنے کی کوشش کرتاہے تو اس کی ویڈیو لیک کردی جاتی ہے ۔
محسن رانجھا کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے بارے میں حکومت کو کوئی ثبوت نہیں مل سکا ۔انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ بھی جے یو آئی ف کے دھرنے میں شامل ہوگئی تو کارکنوں کی تعداد 30لاکھ ہوجائیگی ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی میڈیاکوریج پر پابندی لگا کر ان کو ہیرو بنایا جارہاہے ۔