’حکومتی کمیٹی کے مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے اور اگر ہوئے بھی تو ۔۔۔‘ سلیم صافی نے حیران کن دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مذاکرات کیلئے بنائی جانے والی حکومتی کمیٹی کے مذاکرات نہیں ہونگے اوراگر ہوئے تو ان مذاکرات کاکوئی نتیجہ نہیں نکلے گا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ حکومتی کمیٹی جو پرویز خٹک کی سربراہی میں بنائی گئی ہے ، پہلی بات تو یہ ہے کہ اس کمیٹی سے مذاکرات ہونگے ہی نہیں اوراگر ہوئے تو ان مذاکرات کاکوئی نتیجہ نہیں نکلے گا ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے مذاکرات عمران خان اور پرویز خٹک کے مابین ہونے چاہئیں جیسے پرویز خٹک کوکھڈے لائن لگایا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کے ذریعے مولانا فضل الرحمن کے پیچھے ہٹنے کا کوئی امکان نظرنہیں آتا ۔
سلیم صافی نے کہا کہ جن حلقوں کی طرف شیخ رشید اشارہ کررہے ہیں ، ان کے ساتھ بڑی ٹاپ کی سطح پر رابطے ہوئے ہیں اور اب اگر اعلیٰ سطحی کے رابطوں کے بعد بھی مولانا فضل الرحمن اپنے ارادے پر قائم ہیں تو پھر پرویز خٹک جیسا آدمی کیسے مولانا فضل الرحمان سے کچھ حاصل کرسکتا ہے ؟انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا تجزیہ یہ ہے کہ ان کے پاس کھونے کیلئے کچھ نہیں ہے ، ان کااقتدار میں کوئی حصہ نہیں ہے ، اسی لئے وہ پہلے دن سے اسمبلیوں میں جانے کے حق میں نہیں تھے ، اس لئے اگر وہ ناکام بھی ہوتے ہیں توان کاجاتا کیاہے ؟ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے حصے میں جوفائدہ آیا ہے وہ بہت زیادہ ہے ، پہلی مرتبہ مولانا فضل الرحمان کی مقبولیت لبرل حلقوں میں پیدا ہورہی ہے ۔