5 بیویوں کے مہنگے شوق پورے کرنے کیلئے آدمی نے 50 لڑکیوں کے ساتھ ایسا کام کردیا کہ ہنگامہ برپا ہوگیا
بھوپال (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک آدمی نے اپنی 5 بیویوں کے اخراجات اٹھانے کیلئے 50 لڑکیوں سے ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیا لیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر جبل پور سے تعلق رکھنے والے دلشاد نے 5 شادیاں کر رکھی ہیں اور ہر بیوی سے اس کی اولاد بھی ہے۔ جب دلشاد کی فیملی کی آبادی اور بیویوں کی فرمائشیں بڑھنے لگیں تو اس نے نوجوان لڑکیوں کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر لوٹنے کیلئے گروپ بنالیا۔
دلشاد کی چوتھی بیوی جبل پور میں پرائیویٹ ہسپتال چلاتی ہے جبکہ باقی بیویاں گھر پر ہی رہتی ہیں۔ اس نے اپنی چوتھی بیوی کے تجربے اور ایک دوست کی بیوی جو کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بھوپال میں سپریٹنڈنٹ کے عہدے پر فائز ہے ، کا استعمال کرتے ہوئے نوجوان لڑکیوں کوآل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں نرس کی نوکری دلوانے کا فریب کیا۔
ملزم دلشاد خان اور بھوپال کے رہائشی آلوک کمار بامنے نے نرس کی بھرتی کا لالچ دے کر 50 لڑکیوں سے لاکھوں روپے ہتھیائے لیکن کسی کو بھی نوکری نہیں دلوائی۔ دونوں ملزمان کو سپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے فراڈ کے مقدمے میں گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ٹی ایف کے ایس پی راجیش سنگھ بدھوریا کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ کافی عرصے سے لڑکیوں کے ساتھ ٹھگی کی شکایات موصول ہورہی تھیں، ایس ٹی ایف نے مخصوص حکمت عملی اختیار کرکے ملزمان کو پکڑا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔