دیارِ غیر میں زیرِ تعلیم بچے ہمارا سرمایہ ہیں, سفیرِ پاکستان بلال اکبر کا کامیاب پاکستانی طلباء کے لئے منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب

دیارِ غیر میں زیرِ تعلیم بچے ہمارا سرمایہ ہیں, سفیرِ پاکستان بلال اکبر کا ...
دیارِ غیر میں زیرِ تعلیم بچے ہمارا سرمایہ ہیں, سفیرِ پاکستان بلال اکبر کا کامیاب پاکستانی طلباء کے لئے منعقدہ ایوارڈ تقریب سے خطاب

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے بچوں میں اعزازی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے شرکت کی اور بچوں کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی. 

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان انٹرنیشنل سکول ناصریہ کے 55 طلبا و طالبات نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں ایک ہزار سے زائد نمبر لیکر نمایاں پوزیشن حاصل کیں جن میں سیدہ میمونہ فاطمہ نے پہلی محمد صالح صدیقی نے دوسری جبکہ معصومہ ساجد اور بشریٰ معظم نے تیسری پوزیشن حاصل کیں اسکے علاوہ دیگر تمام کامیاب ہونے والے طلباء میں سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی. 

اس موقع پر سفیر پاکستان بلال اکبر نے کہا کہ دیار غیر میں زیر تعلیم بچے ہمارا سرمایہ ہیں جو یقیناََ آگے چل کر ملک و قوم کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں گے انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بھی یاد کرتے ہوئے انکی خدمات کو سراہا اور بچوں کو ان کی شخصیت کے بارے میں اگاہ کیا. 

سکول کے پرنسپل ائیر کوموڈور ریٹائرڈ نعیم اختر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت رواں برس بچوں کی بڑی تعداد نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کی ہیں جس میں بچوں کی محنت کے علاوہ والدین اور اساتذہ کی رہنمائی بھی شامل ہے. 

ایجوکیشن ایڈوائزر پاکستانی سکولز نادر عالم نے کہا کہ سعودی عرب میں دس کیمونٹی پاکستانی سکولز ہیں جو گزشتہ چار دہائیوں سے طلبا و طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں اور سعودی حکومت جس طرح پاکستانی طلباء کو اسکالرز شپ دے رہی ہے اس سے مزید بہتری آئے گی. 

تقریب میں کامیاب ہونے والے طلباء نے بھی بھرپور خوشی کا اظہار کیا. 

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -