لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے کام جا ری ہے ابراہیم مراد
لاہور ( پ ر) نگراں صوبائی وزیر لائیو سٹاک ابراہیم مراد نے گوالہ کالونی میں مختلف باڑوں اور حویلیوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مویشیوں کی دیکھ بھال اور خوراک کی فراہمی کے عوامل کا جائزہ لیا۔ ابراہیم مراد نے گوالوں کو باڑوں و حویلیوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سے مقامی کاشتکاروں اور مویشی پال افراد نے بھی ملاقات کی جہاں ابراہیم مراد نے گوالوں سے ان کے مسائل، مویشیوں کو دی جانے والی خوراک اور دودھ کی پیداوار بارے استفسار کیا اور کہا کہ فوڈ سیکورٹی کے نیشنل ایجنڈے میں لائیو سٹاک ترجیحی سیکٹر ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویڑن کے مطابق اس سیکٹر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے گوالوں سے بیمار جانوروں کو بروقت علاج معالجے کی ہدایات دیں اور کہا کہ مویشیوں کو علاج کی بنیادی سہولیات دینے کیلئے محکمہ لائیو سٹاک انقلابی اقدامات کر رہا ہے۔ابراہیم مراد کا مزید کہنا تھا کہ شعبہ لائیوسٹاک میں مویشی پال افراد کا ویٹنری ہسپتالوں پر اعتماد اور اطمینان بخش سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے آئندہ دو ماہ میں زیادہ دودھ پیداواری حوالے سے مویشیوں کا مقابلہ کروانے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ معیاری دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات بہتر اور تیز کئے جائیں گے۔