صنعتی کارخانوں ، فیکٹریوں کو گیس اور بجلی فراہم کی جائے ،عبدالجبار خان
حیدرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے صنعتی علاقوں میں موجود کارخانوں ، فیکٹریوں او رملوں کو ترجیحی بنیاد پر گیس اور بجلی فراہم کی جائے تاکہ صنعتوں کا پہیہ رواں دواں رہ سکے اور شہریوں کو روزگار کے مواقع ملیں، ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ایک طرف تو بجلی اور گیس کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافے کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف حیدرآباد کے صنعتی علاقے میں موجود صنعتی اور ملوں کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامناہے، مہنگائی کے اس دور میں کاروبار زندگی چلانا پہلے ہی مشکل ہے اوپر سے اس طرح کے معاملات نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی، انہوںنے کہاکہ نگراں حکومت اس مسئلے کا فوری نوٹس لے اورحیدرآباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر خاص طورپر نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں، مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے جرائم اور مایوسی میں اضافہ ہورہا ہے ، لہٰذا اس صورتحال کا سدباب کیا جاناضروری ہے۔