نواز شریف کی وطن واپسی سے مخالفین پر لرزہ طاری ہے،محمد زبیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماو سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ 21اکتوبر کا سورج پاکستان کی خوش حالی کی نوید لے کر طلوع ہوگا نواز شریف کی وطن واپسی پر مخالفین پر لرزہ طاری ہے۔21اکتوبر کوسابق وزیراعظم نواز شریف کا لاہور میں تاریخی استقبال ہوگا کراچی سے قافلے ٹرینوں اور بسوں کے ذریعے روانہ ہونگے نواز شریف کی وطن واپسی سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا اور معاشی بدحالی کا خاتمہ ہوگا نواز شریف ملک کی ترقی خوشحالی کاروڈ میپ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ نون لائرز فورم سندھ کے جوائنٹ سیکرٹری اور چیف آرگنائزر امجد علی آصف ایڈوکیٹ کی جانب سے وکلاء/جنرل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سلیم ضیاء نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کے لئے کراچی سے قافلے ٹرینوں کے ذریعے روانہ ہوں گے۔مسلم لیگ (ن)کے کارکنان اپنے قائد کے استقبال کے لیے بے تاب ہیں۔میرا ٹاسک پارٹی میں نظم و ضبط پیدا کرنا ہے۔ہم ٹرینیں بھر کر جا رہے ہیں سب اکٹھے جائیں گیاور ڈسپلن کا مظاہرہ کریں گے۔سینیٹر نہال ہاشمی نے کہاکہ ہماراقائد قانون کا پابند اور دلیر ہے۔ہر اسٹاپ پر ٹرین رکے گی اور کارکنان کو اٹھائے گی۔کسی کارکن کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی یہ میری ذمہ داری ہے۔علی اکبر گجر نے کہاکہ جہاں سے کارکنان کو اٹھایا جائے گا تو اسی اسٹیشن پر کارکنان کو ڈراپ کیا جائے گا۔ہم کمیٹی کے ممبران بھی ٹرین میں جائیں گے۔ سابقMNA کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ نواز شریف کی استقبال کیلئے ہمارے کارکنان گھر گھر جاکر پیغام دے رہے ہیں لاہور پہنچ کر قائد نواز شریف کا دیدار کرے گی۔ وکلاء فورم کے مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد جدون نے کہاکہ پورے پاکستان سے وکیل لاہور پہنچے گا تو اپنے یونیفارم میں ہوگا ہم اپنے قائد کیلئے جان بھی قربان کردیں گے۔ کنونشن میں وکلاءبرادری سمیت دیگر بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔