میلسی ، ریکارڈ یافتہ ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
وہاڑی،میلسی (بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی،نامہ نگار،نمائندہ پاکستان )لڈن پولیس مقابلہ میں 65 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری ڈکیت ہلاک ہو گیا ۔ہلاک ہونے والا ضلع وہاڑی کے 25 مقدمات میں مطلوب اور 40 مقدمات میں چالان شدہ تھا۔ ملزم عرفان سہو ایکٹو کریمنل اور 2 مقدمات میں اشتہاری بھی تھا۔ ہلاک ہونے والے ڈکیت عرفان عرف فانی سہو نے 5 ستمبر 2023کو پولیس پارٹی پر اس وقت فائرنگ کی جب اس کی گرفتاری کیلئے اس کےٹھکانے پر ریڈ کیا گیا ۔ہلاک ہونے والا ڈکیت و اشتہاری عرفان عرف فانی سہو ضلع وہاڑی(بقیہ نمبر42صفحہ6پر )
کے مختلف تھانہ جات کے علاوہ ضلع خانیوال میں قتل، ڈکیتی، رابری، اشتہاریوں کو پناہ دینے اور اقدام قتل سمیت سنگین مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ڈکیت علاقے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا جبکہ شہریوں پر فائرنگ کرنے سے گریز بھی نہ کرتا تھا ۔ تفصیل کے مطابق ملزم عرفان عرف عرفانی سہو کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تھانہ لڈن کے مختلف مقدمات میں برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا موضع تجوانہ کے قریب ملزم کے 4 ساتھیوں نے ملزم کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کے لیے سیدھی فائرنگ کر دی جبکہ پولیس نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی ۔ فائرنگ کے تبادلہ کے دوران اپنے 4 ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے ڈکیت عرفان عرف فانی سہو موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔وہاڑی سے بیورورپورٹ کے مطابق دریں اثنا شہریوں احمد،تنویر،ہارون،علی،ماہتاب، اکرم و دیگر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ تقریبآ جتنے بھی پولیس مقابلے ہوئے ہیں خبروں میں یہی بتایا جاتا ہے کہ زیر حراست ڈاکو کو چھڑانے کے لئے اس کے ساتھیوں نے پولیس پرسیدھی اور اندھا دھند فائرنگ کر دی لیکن ہلاک صرف ڈاکو ہوتا ہے سرکاری گاڑی یا کسی اہلکار کو خراش تک نہیں آتی اور نہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈاکوں کا کوئی ساتھی زخمی ، ہلاک یا بعد میں گرفتار ہوتا ہے۔