موسمِ سرما میں معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی

موسمِ سرما میں معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی
موسمِ سرما میں معمول سے کم بارشوں کی پیش گوئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال موسمِ سرما کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی اور سردی خشک رہے گی۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق سرد موسم کی ہلکی دستک محسوس ہونے لگی ہے، مگر ماہرین کے مطابق اس بار بارشوں کا کوئی خاص امکان نہیں۔ پنجاب کے میدانی علاقے آنے والے ہفتوں میں سموگ اور فضائی آلودگی کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔

ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال سردیوں میں نہ صرف بارشیں کم ہوں گی بلکہ پہاڑوں پر برفباری بھی معمول سے کم متوقع ہے۔ دوسری جانب میدانی علاقے بھی بارش کے انتظار میں رہ جائیں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فارکاسٹنگ فاروق ڈار کے مطابق مغربی ہوائیں جو عام طور پر بارش لاتی ہیں، اس وقت فعال نہیں ہیں، جس کے باعث موسم خشک اور درجہ حرارت نسبتاً زیادہ محسوس ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خشک موسم کی وجہ سے فضا میں آلودگی بڑھے گی، جس سے خاص طور پر پنجاب کے میدانی علاقوں میں نومبر اور دسمبر کے دوران اسموگ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ اس کے نتیجے میں حدِ نگاہ متاثر ہونے اور سانس و آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سال سردیوں کے دن خشک اور درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔