پاکستان کی دنیا میں پہچان قانون سے ہوگی،اقلیتوں کیلیے مزید کام کرنا باقی ہے: اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی دنیا میں پہچان قانون سے ہوگی ،اقلیتوں کےحقوق کے لیے ابھی مزید کام کرنا باقی ہے۔
وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئینِ پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ عدالتوں کو جبری شادیاں رکوانے کا قانونی اختیار حاصل ہے۔ مساوات اور انصاف کی فراہمی کسی بھی معاشرے میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے اور آئین کی شق 25 مساوات کی ضمانت دیتی ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئین کا حصہ ہے، حقوق کا تحفظ مختلف جگہ آئین میں واضح ہے، اس حوالے سے مختلف بینچز بنائے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دنیا میں پہچان قانون سے ہوگی۔ صوبے تمام اقلیتوں کے حقوق کے لیے اقدامات کر رہے ہیں, یہ سوسائٹی اور اداروں کی اہم ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں پارلیمنٹ بھی مختلف کمیونٹیز کے حقوق کے لیے سرگرم ہے۔
