طالبان کے حملے میں نیٹو کے چھ لڑاکاطیارے تباہ ،افغان اہلکار کی فائرنگ سے چاراتحادی فوجی مارے گئے
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان کے حملے میں چھ لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے جبکہ ایک افغان اہلکار نے فائرنگ کرکے چار اتحادیوںکو ابدی نیند سلادیا۔افغان صوبہ ہلمندمیں طالبان نے گذشتہ روز برطانوی شہزادے ہیری کی موجودگی والے اتحادی فوج کے کیمپ بیس پر حملہ کیا تھا جس میںدو امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ نیٹو کے ترجمان نے آج ایک بیان میں کہا کہ حملے میں چھ لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے اور دو کو شدید نقصان پہنچا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حملے میں اتحادی فوج کے تین ری فیولنگ سٹیشن بھی تباہ ہوئے اور طیاروں کے چھ ہینگرزکو بھی نقصان پہنچا۔ ادھر جنوبی افغانستان میں ایک افغان پولیس اہل کار نے فائرنگ کرکے چار اتحادی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ اتحادی فوج نے فائرنگ اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی تاہم تفصیل نہیں بتائیں۔