پٹرول کا بم پھر چل گیا، 6.82 روپے فی لیٹر اضافہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مہنگائی سے چور عوام پر حکوم نے ایک بار پھر پٹرول بم گرا دیا ہے اور پٹرول کے نرخوں میں اضافہ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6.82 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 106.72 روپے ہو گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 1.75 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 113.77 روپے ہو گئی ہے۔ ہائی اوکٹین کی قیمت میں 1.50 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 137.96 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 62 پیسے اضافے کے ساتھ104.68 روپے مقرر کی گئی ہے۔ سی این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن کے مطابق ریجن ون میں سی این جی کی قیمت میں 6.26 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 97.71 روپے فی کلو گرام ہو گئی ہے۔ ریجن ٹو میں سی این جی قیمت 5.71 روپے اضافے کے ساتھ 89.26 روپے ہو گئی ہے۔