ایک جہاز میں سب سے زیادہ مسافر بٹھانے کا ورلڈ ریکارڈ، کتنے مسافر بیٹھے؟ تصور کرنا بھی مشکل

ایک جہاز میں سب سے زیادہ مسافر بٹھانے کا ورلڈ ریکارڈ، کتنے مسافر بیٹھے؟ تصور ...
ایک جہاز میں سب سے زیادہ مسافر بٹھانے کا ورلڈ ریکارڈ، کتنے مسافر بیٹھے؟ تصور کرنا بھی مشکل

  


یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک) بوئنگ 747کا شمار بڑے طیاروں میں ہوتا ہے جس میں 605افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا جب اس میں ریکارڈ 1ہزار 86مسافر سوار ہوئے۔ یہ مسافر ایتھوپیا کے یہودی تھے جنہیں 24مئی 1991ءکو ایتھوپیا سے اسرائیل لیجایا گیا تھا۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ جب اس طیارے میں سیٹوں کی تعداد ہی 605ہے تو پھر تقریباً دگنے مسافروں کی گنجائش کیسے نکل آئی؟ تو آپ کو بتائیں کہ یہ ایک خصوصی آپریشن تھا جس میں ایتھوپیا سے 14ہزار 200یہودیوں کو 36گھنٹے کے قلیل ترین وقت میں اسرائیل منتقل کیا گیا تھا۔

اس آپریشن میں 34طیاروں نے حصہ لیا جو مسلسل پرواز کرتے رہے۔ ان طیاروں میں زیادہ مسافروں کی گنجائش اس لیے پیدا ہو گئی کہ ان کی سیٹیں نکال دی گئی تھیں اور مسافروں جہازوں کے فرش پر بیٹھ کر سفر کرتے رہے۔ اس آپریشن کو ”آپریشن سولومن“ (Operation Solomon)کا نام دیا گیا تھا۔ کئی ہفتوں تک امریکی سفارت کار ایتھوپیا کی حکومت سے ان یہودیوں کو نکال کر اسرائیل لیجانے کی اجازت دینے کے لیے مذاکرات کرتے رہے۔ ان مذاکرات کے دوران امریکی صدر بش نے بھی خصوصی طور پر ایتھوپیا کی حکومت سے بات کی۔ بالآخر انہیں ایتھوپیا نے اجازت دے دی۔

اجازت ملنے کے بعد امریکہ اور اسرائیل نے ہنگامی طور پر یہودیوں کو ایتھوپیا سے نکالنے کے لیے 34طیاروں کا یہ آپریشن شروع کیا تھا۔ جس پرواز نے دنیا میں سب سے زیادہ مسافر لیجانے کا ریکارڈ قائم کیا یہ 24مئی 1991ءکو ایتھوپیا سے اسرائیل پہنچی۔آپ کو یہ سن کر خوشگوار حیرت ہو گی کہ جب یہ پرواز ایتھوپیا سے روانہ ہوئی تو اس میں 1ہزار86مسافر سوار تھے لیکن جب یہ اسرائیل پہنچی تو اس سے 1ہزار 88مسافر اترے کیونکہ دوران پرواز دو خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش ہو گئی تھی جس سے مسافروں کی تعداد میں 2کا اضافہ ہو گیا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس